امریکی صدر ٹرمپ کا جنگ بندی میں کردار ناقابل فراموش ہے: بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے امریکی نیشنل سیکیورٹی کونسل میں جنوبی و وسطی ایشیا کے امور کے سینئر ڈائریکٹر رکی گل نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی۔
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے امریکی نیشنل سیکیورٹی کونسل میں جنوبی و وسطی ایشیا کے امور کے سینئر ڈائریکٹر رکی گل نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کی خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، سینیٹر شیری رحمان اور پاکستان میں امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر بھی موجود تھیں۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کے فروغ، علاقائی سلامتی، تجارتی اور سفارتی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال ہوا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر کہا کہ پاک بھارت جنگ بندی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی امن کے لیے کی گئی کوششیں عالمی سطح پر تسلیم کی جانی چاہئیں اور وہ نوبیل امن انعام کے حقدار ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان اور امریکا کے درمیان حالیہ تجارتی معاہدوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ تجارتی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ ان کے مطابق امریکا کے ساتھ ہونے والے یہ معاہدے خطے میں ترقی و خوشحالی کا نیا باب کھول سکتے ہیں۔
رکی گل نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امریکا ہر سطح پر پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دے گا۔
No comments yet.