پورے ملک نے دشمن کی جارحیت کے خلاف بنیان المرصوص کی مانند مضبوطی سے قدم جمائے رکھے: آصف علی زرداری
مجھے اپنی مسلح افواج پر فخر ہے جنہوں نے بھارتی اشتعال انگیزی کا نہایت پیشہ ورانہ انداز، درستگی اور قوت کے ساتھ جواب دیا۔
اسلام آباد (16 مئی 2025): صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کے موقع پر یومِ تشکر کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بلا اشتعال بھارتی جارحیت کے جواب میں ملنے والی فتح پر پوری قوم کو فخر ہے۔
صدر زرداری نے ربِ ذوالجلال کا شکر ادا کرتے ہوئے فرمایا، “اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس نازک گھڑی میں فتح سے نوازا۔” انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کے دلیر سپاہیوں اور اُن کے سربراہان کو خراجِ تحسین پیش کیا اور قرار دیا کہ یہ کامیابی صرف افواج ہی کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترک فتح ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ “پورے ملک نے دشمن کی جارحیت کے خلاف بنیان المرصوص کی مانند مضبوطی سے قدم جمائے رکھے۔ مجھے اپنی مسلح افواج پر فخر ہے جنہوں نے بھارتی اشتعال انگیزی کا نہایت پیشہ ورانہ انداز، درستگی اور قوت کے ساتھ جواب دیا۔”
صدر نے مزید کہا کہ “دنیا نے پاکستان کے صبر و تحمل کا اعتراف کیا اور ہماری آپریشنل مہارت کو تسلیم کیا، جس نے دشمن کو اپنی جارحیت سے باز رہنے پر مجبور کیا۔ ہم ثابت قدم اور متحد رہے اور وقار کے ساتھ فتح یاب ہوئے۔”
اپنے پیغام میں صدرِ مملکت نے پاکستان کے پرامن مزاج کا اعادہ کرتے ہوئے کہا، “ہم کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے، لیکن کسی کو یہ شک نہیں ہونا چاہیے کہ ہم اپنی خودمختاری، جغرافیائی سالمیت اور قومی مفادات پر کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔”
قبل ازیں انہوں نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کو واضح کیا اور سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کو مسترد کرتے ہوئے کہا، “معاہدے میں یکطرفہ معطلی کی کوئی دفعہ موجود نہیں۔ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے قومی طاقت کے تمام ذرائع بروئے کار لائے گا۔”
آخری کلمات میں صدرِ مملکت نے اپنے بہادر سپاہیوں کو سلام پیش کیا اور اعلان کیا، “بطور صدرِ اسلامی جمہوریہ پاکستان آج یہ اعادہ کرتا ہوں کہ ہم ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور اپنی مادرِ وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے چٹان کی مانند ڈٹے رہیں گے۔”
No comments yet.