عالمی منظرنامے پر پاکستان کی آواز: بلاول بھٹو زرداری کا نیا سفارتی سفر
تحریر: اسد ستی
جب بھارت کی جانب سے پروپیگنڈے کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان کو ایک ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو عالمی سطح پر نہ صرف مدلل انداز میں ہمارا مؤقف پیش کر سکے بلکہ پاکستان کا پرامن اور ذمہ دارانہ چہرہ دنیا کے سامنے اجاگر کر سکے۔
اسی تناظر میں وزیرِاعظم شہباز شریف نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے درخواست کی کہ وہ عالمی سفارتی مہم کی قیادت کریں۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس قومی ذمہ داری کو قبول کرتے ہوئے پاکستان کے مثبت امیج، امن کے بیانیے، اور قومی وقار کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا عزم ظاہر کیا — یہ قدم حکومتِ پاکستان اور عسکری قیادت کی مکمل تائید و حمایت سے اٹھایا گیا ہے، جو قومی مفاد، دور اندیشی اور بین الاقوامی سفارتی ضروریات کا عکس ہے۔
بلاول بھٹو زرداری صرف ایک سیاسی رہنما نہیں بلکہ وہ ایک ایسی جمہوری جدوجہد کی علامت ہیں جو شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی عظیم قربانیوں سے مزین ہے۔ ان کے پاس نہ صرف پاکستان کی عظیم سیاسی وراثت ہے بلکہ بین الاقوامی تعلقات، سفارتی آداب، مدلل گفتگو، اور عالمی مسائل پر گہری بصیرت بھی ہے۔
بلاول بھٹو کا یہ کردار وقتی یا نمائشی نہیں، بلکہ ایک مکمل سفارتی مہم کا حصہ ہے جس کے لیے باقاعدہ وفد تشکیل دیا جا رہا ہے۔ یہ وفد دنیا بھر میں جا کر بھارت کی منفی مہم کو بے نقاب کرے گا، پاکستان کا مؤقف پیش کرے گا، فلسطین و کشمیر جیسے انسانی المیوں پر عالمی ضمیر کو جھنجوڑے گا، اور پاکستان کو ایک ذمہ دار، پرامن اور ترقی پسند ریاست کے طور پر منوانے کی بھرپور کوشش کرے گا۔
پاکستان کے لیے یہ وقت نازک ہے، اور اس نازک وقت میں بلاول بھٹو زرداری کا کردار صرف ایک فرد کا نہیں بلکہ ایک قوم کی اجتماعی آواز ہے۔ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی ایک ایسے رہنما کے ہاتھ میں دینا جو نوجوان بھی ہے، تجربہ کار بھی، اور نظریاتی طور پر بھی گہری جڑیں رکھتا ہے — ایک مدبرانہ فیصلہ ہے۔
ہمیں اُمید ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں یہ عالمی سفارتی مہم پاکستان کے وقار کو بلند کرے گی، حق و سچ کو اجاگر کرے گی، اور دشمن کے جھوٹے بیانیے کو بھرپور انداز میں شکست دے گی۔
پاکستان کا بیانیہ، امن اور وقار!
پاکستان زندہ باد!
No comments yet.