جمعہ ،5 جون 2026 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

پنجاب اسمبلی کا اجلاس پچاس منٹ کی تاخیر سے شروع، وزراء کی غیر موجودگی پر اپوزیشن کا احتجاج

پنجاب اسمبلی کا اجلاس پچاس منٹ کی تاخیر سے شروع، وزراء کی غیر موجودگی پر اپوزیشن کا احتجاج

Editor

ایک سال قبل

 
 
لاہور: پنجاب اسمبلی کا اجلاس پچاس منٹ کی تاخیر کے بعد شروع ہوا، جس کی صدارت پینل آف چیئرپرسن راحیلہ خادم حیسن نے کی۔ وقفہ سوالات کے دوران وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ خزانہ کے تحت ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کل 60 آسامیاں خالی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب ٹریژری اینڈ اکاؤنٹس سروس کی 16 جبکہ کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس کے ماتحت 7 آسامیاں خالی ہیں۔ وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ ان خالی آسامیوں کو پُر کرنے کے لیے ضلع کے دیگر افسران کو منتقل کر کے کام چلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ہائی کورٹ میں محکمہ خزانہ کے 123 ملازمین کے مقدمات زیر سماعت ہیں، اور اگر وہ واپس آ گئے تو متعدد مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔  
 
 
اجلاس کے دوران اپوزیشن ارکان نے حکومتی وزراء اور پارلیمانی سیکرٹریز کی غیر موجودگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ اپوزیشن رکن رانا آفتاب احمد اور رانا شہباز نے پینل آف چیئرپرسن کی توجہ اس طرف دلائی کہ ایوان میں وزراء موجود نہیں ہیں۔ رانا آفتاب احمد نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا، لہٰذا اجلاس کو آدھے گھنٹے کے لیے ملتوی کر دیا جائے۔ رانا شہباز نے سوال اٹھایا کہ اگر ایوان میں کوئی وزیر موجود نہیں تو سوالات کے جوابات کون دے گا؟ انہوں نے کہا کہ حکومتی دس ارکان موجود ہیں، وہ خود دیکھ سکتے ہیں کہ ایوان کس طرح چل رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزراء اور پارلیمانی سیکرٹریز کی غیر موجودگی پر وہ کورم کی نشاندہی کر سکتے ہیں۔  
 
 
اپوزیشن رکن رانا شہباز نے ایوان میں نعرہ لگاتے ہوئے کہا، *"مودی کا جو یار ہے، غدار ہے غدار ہے!"* جس کے بعد ایوان میں شدید ہنگامہ برپا ہو گیا۔ اسی دوران حکومت کی جانب سے فرانزک سائنس ایجنسی پنجاب کی سالانہ کارکردگی رپورٹس برائے سال 2013 تا 2023 ایوان میں پیش کر دی گئیں۔  
  
 
اپوزیشن کی بات نہ سنے جانے پر اپوزیشن رکن وقاص مان نے کورم کی نشاندہی کر دی۔ کورم پورا نہ ہونے پر چیئرپرسن راحیلہ خادم حیسن نے پانچ منٹ تک مسلسل گھنٹی بجانے کا حکم دے دیا۔ پنجاب اسمبلی میں حکومت کورم پورا کرنے میں ناکام رہی، جس کے بعد چیئرپرسن نے اجلاس کو 20 مئی بروز منگل، سہ پہر دو بجے تک کے لیے ملتوی کر دیا۔
 
 
Comments

No comments yet.

سب سے زیادہ پڑھا
Effy Jewelry
Effy Jewelry