پی پی پی شعبہ خواتین کا بلوچستان تنظیمی امور پر اہم اجلاس، فریال تالپور کی زیرِ صدارت
پی پی پی شعبہ خواتین کا بلوچستان تنظیمی امور پر اہم اجلاس، فریال تالپور کی زیرِ صدارت
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شعبہ خواتین کے مرکزی صدر اور سندھ اسمبلی کی رکن فریال تالپور کی زیرِ صدارت زرداری ہاؤس کراچی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پی پی پی بلوچستان کی سینیئر قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی تنظیم سازی کے امور پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
فریال تالپور کو اجلاس میں پی پی پی بلوچستان کی تنظیمی کارکردگی اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے ایک تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر پی پی پی بلوچستان کے نمایاں رہنماؤں جن میں میر صادق عمرانی، میر صابر بلوچ، میرباز کھیتران، نواب ثناء اللہ زہری، سردار عمر گورگیج اور سید اقبال شاہ شامل تھے، نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ پی پی پی کے ایم این اے عجاز حسین جاکھرانی بھی اجلاس میں شریک رہے۔
اجلاس میں بلوچستان میں پارٹی کی تنظیم کو مزید مستحکم بنانے، سیاسی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے موثر اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ پی پی پی کو بلوچستان میں عوامی مقبولیت حاصل کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔
No comments yet.