سردار سربلند خان جوگیزئی کی گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات
گورنر فیصل کریم کنڈی نے خضدار میں اسکول کے بچوں پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا
پشاور : گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاؤس پشاور میں بلوچستان سے آئے ہوئے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردار سربلند خان جوگیزئی کی قیادت میں وفد سے ملاقات کی۔
اس موقع پر پارٹی کی تنظیمی امور، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے دونوں صوبوں میں پیپلز پارٹی کی مضبوطی اور عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے حکمتِ عملی پر بھی گفتوگو کی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے خضدار میں اسکول کے بچوں پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور صوبے میں تعلیمی اداروں کی حفاظت کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
بلوچستان سے آئے ہوئے وفد میں سردار سربلند خان جوگیزئی کے علاوہ حاجی ربانی خان خلجی، ملک ذیشان حسین، میر خالد خان جمالی اور جواد احمد خان شامل تھے۔ سردار سربلند خان نے گورنر کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور دونوں صوبوں میں پارٹی کے اتحاد اور تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت اجاگر کی۔
گورنر خیبر پختونخوا نے مہمان وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے پیپلز پارٹی کو صوبے میں مزید فعال بنانے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور آئندہ کے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کیا۔
No comments yet.