جمعہ ،5 جون 2026 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا پی ٹی آئی حکومت پر شدید تنقید، پیپلز پارٹی کے پرامن احتجاج پر شیلنگ کو "غیر جمہوری" قرار دیدیا

بلاول بھٹو زرداری نے پشاور ریلی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا - "صوبہ بچاؤ تحریک اب عوامی آواز بن چکی، ہم ظلم کے آگے نہیں جھکیں گے"

Editor

ایک سال قبل

 

 
  
 
 
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے احتجاجی مظاہرے پر صوبائی حکومت کے حملے کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے اسے حکومت کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بچاؤ مہم کے تحت ہونے والے احتجاج میں بھرپور عوامی شرکت نے صوبائی حکومت کے اوسان خطا کر دیے ہیں۔ پرامن مظاہرین پر شیلنگ کرنا پیپلز پارٹی کی کامیابی اور عوامی مقبولیت کی دلیل ہے۔ انہوں نے اس احتجاجی مظاہرے پر پارٹی کی قیادت اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مبارکباد دی۔  
 
خیبرپختونخوا میں پاکستان پیپلز پارٹی کے احتجاجی مظاہرے پر پی ٹی آئی کی جانب سے شیلنگ اور آنسو گیس کا حملہ ہوا۔ صوبے میں پی ٹی آئی کے خلاف ہونے والے احتجاج کے دوران پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر شدید تشدد کیا گیا، جس میں آنسو گیس اور شیلنگ شامل تھی۔ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے کئی مواقع پر یہ بیان دیا تھا کہ طالبان ان کے بھائی ہیں، لیکن آج کی ان کی اس حرکت نے واضح کر دیا کہ پی ٹی آئی اور انتہا پسندوں کی ذہنیت ایک جیسی ہے۔ یہ لوگ نہیں چاہتے کہ عوام کے سامنے ان کا اصل چہرہ سامنے آئے۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل کے بیان کے دوران ہی پی ٹی آئی نے حملہ شروع کر دیا۔  
 
پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر سید محمد علی شاہ باچا شدید شیلنگ کے باوجود کارکنوں کے درمیان ڈٹے رہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام کارکنوں کا دل سے شکر گزار ہیں۔ حکومت نے پرامن اور آئینی احتجاج پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی، لیکن وہ ان سے ہر گولی کا حساب لیں گے۔ کل پارٹی کے صوبائی اور مرکزی قائدین پریس کانفرنس کریں گے، جبکہ تمام کارکنوں کو اگلے لائحہ عمل کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر ظلم کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔  
 
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں صوبہ بچاؤ تحریک کے سلسلے میں پی پی پی ریلی پر حملے کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے پرامن احتجاج کا راستہ روک کر دراصل اپنی بدترین کرپشن کو چھپانے کی ناکام کوشش کی ہے۔ صوبے میں لاقانونیت اور بیروزگاری کے خلاف پرامن احتجاج کرنے والے سیاسی کارکنوں پر آنسو گیس کی شیلنگ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اوچھے ہتھکنڈوں سے نہیں ڈرتے اور خیبرپختونخوا کی کرپٹ اور نااہل صوبائی حکومت کا تعاقب جاری رکھیں گے۔ پی ٹی آئی حکومت نے نہتے سیاسی کارکنوں پر تشدد کرکے بزدلی کا ثبوت دیا ہے۔  
 
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں صوبہ بچاؤ تحریک آج صوبے کے ہر شہری کی آواز بن چکی ہے۔ وہ لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے نہیں ڈرتے، اور ان کے کارکنان کرپٹ حکومت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا اصل فاشسٹ چہرہ آج خیبرپختونخوا کے عوام نے دیکھ لیا ہے۔
Comments

No comments yet.

سب سے زیادہ پڑھا
Effy Jewelry
Effy Jewelry