وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے ایف پی سی سی آئی اور یو بی جی وفد کی ملاقات، بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ پر گفتگو
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت کی کوشش ہے کہ سرمایہ کار صوبے میں صنعتیں قائم کریں، تاکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور بلوچستان کی معیشت مضبوط ہو۔
کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) — وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) اور یونائیٹڈ بزنس گروپ (UBG) کے عہدیداروں پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، صوبائی وزراء، پارلیمنٹیرینز اور بلوچستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندے بھی موجود تھے۔
ملاقات کا آغاز سانحہ خضدار کے شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا سے کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے پاکستان بھر سے آنے والی بزنس کمیونٹی کو بلوچستان آمد پر خوش آمدید کہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لیے مکمل تحفظ اور سازگار ماحول فراہم کرے گی۔
وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی تجاویز کو خوش دلی سے سنا جائے گا، اور ان کے مشوروں کو پالیسی سازی میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ ایف پی سی سی آئی اور یو بی جی بلوچستان میں اکنامک زونز کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں کان کنی، شمسی توانائی، اور آئل اینڈ گیس سمیت کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ قانونی تجارت کے فروغ اور سمگلنگ کی حوصلہ شکنی حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت کی کوشش ہے کہ سرمایہ کار صوبے میں صنعتیں قائم کریں، تاکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور بلوچستان کی معیشت مضبوط ہو۔
ملاقات کے دوران ایف پی سی سی آئی اور یو بی جی کے صدور اور دیگر عہدیداروں نے وزیراعلیٰ کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں اور اقدامات کو سراہا۔ اس موقع پر بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے سی ای او بلال خان کاکڑ کی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خدمات کو بھی خصوصی طور پر سراہا گیا۔
No comments yet.