پاکستان ایک مضبوط ریاست ہے، جس کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے: صدر زرداری
بلاول بھٹو زرداری عوامی مینڈیٹ سے پاکستان کے اگلے نوجوان وزیراعظم ہوں گے
لاہور (نامہ نگار) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط ریاست ہے، جس کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سینئر رہنما بیرسٹر عامر حسن اور دیگرکے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے پاکستان کی سالمیت اور اس کے دفاع کے لئے پرعزم ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ٹوٹے ہوئے پاکستان کو ایٹمی پروگرام دیا جبکہ محترمہ شہید نے میزائل ٹیکنالوجی دی۔ ہندوتوا والوں کا اکھنڈ بھارت کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ میں نے پاکستان کا نعرہ لگا کے یہ بتایا تھا کہ سندھ پاکستان ہے اور پاکستان سندھ ہے اور پاکستان کی تمام اکائیاں مضبوطی سے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہیں۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کے اندر سیاسی استحکام کے لیے کام کرنا چاہتی ہے اور اسی لئے ہم پنجاب کے اندر مسلم لیگ ن کے ساتھ مل کے کر رہے ہیں، تاکہ پنجاب کے عوام کو اور پاکستان کے عوام کو ریلیف دیں کیونکہ پاکستان میں سیاسی نظام کو مضبوط کرنا، جمہوریت کو مضبوط کرنا اور سیاسی قوتوں کے درمیان ڈائیلاگ اور ہم آہنگی ہمارا مقصد ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری عوامی مینڈیٹ سے پاکستان کے اگلے نوجوان وزیراعظم ہوں گے۔ انہوں نے یہ بات گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی قیادت میں پیپلز پارٹی اٹک کی تنظیم اور ٹکٹ ہولڈرز سے بھی ملے۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا پاکستان ہے تو تمام سیاسی جماعتیں ہیں، پاک بھارت کشیدگی میں تمام سیاسی جماعتیں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئیں جس کے باعث بھارت کو منہ کی کھانا پڑی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک اور جمہوریت کی خاطر قربانیاں دیں۔ پیپلزپارٹی مزدوروں، محنت کشوں، سرکاری ملازمین اور پسے ہوئے طبقے کی جماعت ہے۔
No comments yet.