گورنر ہاؤس لاہور میں صدر زرداری اور پیپلز پارٹی وفد کے مابین اہم ملاقات، سیاسی و معاشی چیلنجز پر غور
گورنر ہاؤس لاہور میں صدر زرداری اور پیپلز پارٹی وفد کے مابین اہم ملاقات، سیاسی و معاشی چیلنجز پر غور
لاہور : صدر مملکت آصف علی زرداری سے آج گورنر ہاؤس لاہور میں سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ، سیکریٹری اطلاعات نواب شہزاد چیمہ، چودھری اسلم گل، مہر ارشاد سیال اور دیگر نمایاں رہنما شامل تھے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور ندیم افضل چن بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ملکی سیاسی و معاشی صورتحال، آئندہ بجٹ اور پارلیمانی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وفد نے صدر مملکت کو مختلف علاقوں کے عوامی مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کیں۔
صدر آصف علی زرداری نے ملاقات کے دوران زور دے کر کہا کہ پاکستان کو اس وقت سیاسی استحکام اور قومی اتفاق رائے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام جمہوری قوتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ ملکی ترقی و خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے اور عوام کے مسائل کا مؤثر حل نکالا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت اور عوامی خدمت کو ہمیشہ اولین ترجیح دی جانی چاہیے، جبکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر فرد اور مکتبہ فکر کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
صدر زرداری نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید دنیا کے تقاضوں کے مطابق ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے نوجوان نسل کو آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے باہمی تعاون، قومی اتحاد اور یکجہتی نہایت ضروری ہیں۔
اس موقع پر موجود رہنماؤں نے صدر مملکت کی قیادت میں ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مثبت اقدامات کی تعریف کی اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔
No comments yet.