جنوبی پنجاب الگ صوبہ بن سکتا ہے، شیخ رفیق احمد کی خدمات کو خراج تحسین: صدر زرداری
جنوبی پنجاب الگ صوبہ بن سکتا ہے، شیخ رفیق احمد کی خدمات کو خراج تحسین: صدر زرداری
لاہور (نامہ نگار) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کو سینٹرل پنجاب میں بہتر پوزیشن پر لانے کی کوشش کریں گے جبکہ جنوبی پنجاب میں پارٹی تنظیم کی کارکردگی قابل اطمینان ہے۔ وہ گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے سابق صدر مرحوم شیخ رفیق احمد کی صاحبزادی ڈاکٹر حمیرہ راشد، ڈاکٹر راشد ضیا، ڈاکٹر مکرمہ راشد اور فرخ مرغوب صدیقی پر مشتمل وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود اور عبدالقادر شاہین بھی موجود تھے۔
صدر مملکت نے ملاقات کے دوران کہا کہ پنجاب میں شیخ رفیق احمد کے دور صدارت میں رحیم یار خان سے لے کر اٹک تک پوری تنظیم سرگرم عمل تھی۔ وفد نے صدر پاکستان سے مطالبہ کیا کہ پنجاب کی تنظیم کو متحد کر دیا جائے، جس پر صدر مملکت نے کہا کہ مستقبل میں جنوبی پنجاب ایک الگ صوبہ بن سکتا ہے، اس لیے اب ایسا ممکن نہیں۔ انہوں نے شیخ رفیق احمد کی پارٹی کو دی گئی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر فاروق لغاری کی جگہ ہم شیخ رفیق احمد کو صدر بناتے تو پیپلز پارٹی کبھی مشکلات کا شکار نہ ہوتی اور پارٹی میں کسی کو غداری کی جرات نہ ہوتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شیخ رفیق احمد جیسے رہنما پارٹی کی طاقت تھے اور ان کی قیادت میں پیپلز پارٹی نے پنجاب میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی تھیں۔ صدر زرداری نے وفد کے ساتھ پارٹی کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
No comments yet.