واشنگٹن: پاکستان کے سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کی سینیٹر جم بینکس سے اہم ملاقات
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹر جم بینکس کو حالیہ پاک-بھارت کشیدگی اور بھارت کی جانب سے کی جانے والی یکطرفہ جارحیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
واشنگٹن میں پاکستان کے سفارتی مشن کے سربراہ اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے رکن اور ری پبلکن پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر جم بینکس سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات ہارٹ سینیٹ بلڈنگ میں ہوئی۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹر جم بینکس کو حالیہ پاک-بھارت کشیدگی اور بھارت کی جانب سے کی جانے والی یکطرفہ جارحیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انتہائی تحمل اور تدبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسی دانشمندانہ حکمت عملی اپنائی جس کے باعث دنیا کے سامنے بھارت کی عسکری برتری کا غرور خاک میں مل گیا۔
سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور کسی قسم کی جنگ نہیں چاہتا، تاہم بھارت کی جانب سے مسلسل بڑھتے ہوئے جنگی جنون پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ امریکا سمیت دنیا کی تمام مہذب اور ذمہ دار قوتوں کو بھارت کی جنگ پسندی کو لگام ڈالنے کے لئے اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نفرت اور تعصب پر مبنی مہم جوئی کے ذریعے عالمی امن اور تہذیب کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کے فروغ، علاقائی امن، اور پارلیمانی سفارتکاری کو مزید مؤثر بنانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان دوطرفہ روابط میں مزید استحکام پر اتفاق بھی کیا گیا۔
No comments yet.