معاشی ترقی کیلئے نجی شعبے کو زیادہ با اختیار بنانے کی ضرورت ہے، ناصر محمود قریشی
اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر کا فریڈم گیٹ ڈائیلاگز کے پروگرام کے دوران اظہار خیال
اسلام آباد – : اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی استحکام اور ترقی کا انحصار اہم معاشی صلاحات، نجی شعبے کو بااختیار بنانے، اور مستقل، شفاف پالیسیوں پر ہے تاکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار فریڈم گیٹ ڈائیلاگز میں شرکت کے دوران کیا جس کی میزبانی معروف میزبان عروج رضا صیامی نے کی۔ناصر محمود قریشی نے پاکستان کے معاشی مستقبل کی تشکیل میں بزنس کمیونٹی کے کردار کو مضبوط بنانے پر گفتگو کرتے ہوئے زور دیا کہ نجی شعبے کو روزگار کے مواقع پیدا کرنے، صنعتی ترقی، اور جدت کے فروغ میں مرکزی محرک کے طور پر تسلیم کیا جانا چاہیے۔
آئی سی سی آئی کے صدرنے حکومت کی حالیہ پانچ سالہ ٹیرف اصلاحاتی منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ''انقلابی اقدام'' قرار دیا، جس کے ذریعے اگر اسے شفاف انداز میں اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کر کے نافذ کیا جائے تو پاکستان کی برآمدات میں اربوں ڈالر کا اضافہ ممکن ہے۔ انہوں نے ریگولیٹری نظام میں آسانی، کاروباری لائسنسنگ کے عمل کو سہل بنانے، اور بیوروکریسی کی رکاوٹوں کو کم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا تاکہ سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا بجٹ سازی کے حوالے صنعتی شعبے سے قریبی مشاورت کی جانی چاہئے اور کاروباری شعبے کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے تاکہ وہ پیداوری شعبے میں سرمایہ کاری کر سکے۔
ناصر محمود قریشی نے نوجوانوں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہنر مندی، ٹیکنالوجی کے استعمال، اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے مخصوص معاونت ناگزیر ہے تاکہ پاکستان کی معاشی صلاحیت کو تقویت دی جا سکے۔انہوں نے محمد انور، سی ای او FGP، اور ان کی ٹیم کو فریڈم گیٹ ڈائیلاگز کے آغاز پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ یہ پوڈکاسٹ اہم معاشی و ترقیاتی موضوعات پر شعور اجاگر کرنے اور سنجیدہ عوامی مکالمے کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے ICCI اور FGP کے درمیان ہونے والے مفاہمتی یادداشت (MoU) کا بھی حوالہ دیا، جو اقتصادی بااختیاری اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت سے متعلق مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے کیا گیا ہے۔
گفتگو کے دوران ICCI کے جاری اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی، جن میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینا، صنعتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا، اور پالیسی سازی میں بزنس کمیونٹی کے مفادات کی مؤثر نمائندگی کو یقینی بنانا شامل ہیں۔
No comments yet.