سینیٹر شیری رحمان کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ایوانِ صدر میں ملاقات
ملاقات میں جاری بجٹ اجلاس سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کی سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمان نے ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں جاری بجٹ اجلاس سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر شیری رحمان نے صدر مملکت کو سینیٹ میں بجٹ پر جاری بحث اور قانون سازی کے عمل میں پاکستان پیپلزپارٹی کے مؤثر اور تعمیری کردار سے آگاہ کیا۔
انہوں نے صدرِ مملکت کو حالیہ پاکستان-بھارت بحران کے دوران کوآلیشن جوائنٹ کمیٹی کی جانب سے کی گئی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا امن پسند اور ذمہ دارانہ اسٹریٹجک مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مؤقف کے لیے حمایت حاصل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ سینیٹر شیری رحمان نے کوآلیشن جوائنٹ کمیٹی اور اس کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری پر صدرِ مملکت اور وزیرِاعظم کی مکمل حمایت اور اعتماد پر شکریہ ادا کیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کمیٹی کی فعال سفارتی کوششوں کو سراہا اور عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو پیش کرنے میں ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی۔
No comments yet.