دخترِ مشرق بینظیر بھٹو کی سالگرہ پر بلاول کا پیغام: 'وہ عوام کی بے لوث رہنما تھیں، ان کا خواب متحد اور جمہوری پاکستان ہے
دخترِ مشرق بینظیر بھٹو کی سالگرہ پر بلاول کا پیغام: 'وہ عوام کی بے لوث رہنما تھیں، ان کا خواب متحد اور جمہوری پاکستان ہے
کراچی / اسلام آباد / لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلامی دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 72 ویں سالگرہ پر انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستانی عوام کے لیے ہمیشہ کے لیے حوصلے، جمہوریت اور امید کی علامت ہیں۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم صرف شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ ہی نہیں بلکہ ایک عہد ساز تحریک کے جنم کو یاد کر رہے ہیں۔ ایک نڈر آواز جو بے زبانوں کی ترجمان بنی، عوام کی بے لوث رہنما ثابت ہوئیں اور وہ دختر مشرق جس کی دھڑکن پاکستان کے ہر گوشے میں گونجتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی زندگی ایک جمہوری، ترقی پسند اور باہمی رواداری پر مبنی پاکستان کے خواب کے لیے وقف کر دی۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو خواتین کے حقوق، اقلیتوں کے تحفظ، غریبوں کی فلاح و بہبود اور جمہوریت کی بحالی کے لیے آخری دم تک لڑتی رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے خوف کی زنجیروں کو توڑا اور آمریتی بندوقوں کو اپنے الفاظ کی طاقت اور اصولوں کی قوت سے خاموش کر دیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سیاست ہمدردی اور یقینِ محکم کی بنیاد پر استوار تھی۔ انہوں نے قوم، بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی زندگی سے سیکھیں اور ناانصافی، عدم مساوات اور انتہاپسندی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گو کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہم سے جسمانی طور پر بچھڑ چکی ہیں، لیکن ان کا حوصلہ، ان کے نظریات اور ان کی پاکستان سے محبت ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ آئیے ان کے خوابوں کے مطابق ایک ایسا پاکستان بنائیں جو متحد، منصف اور حقیقی معنوں میں جمہوری ہو۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ شہید بینظیر بھٹو کے مشن کو پوری ثابت قدمی کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔ ہم، ان کے بچے اور ان کے جیالے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب کے محافظ ہیں۔ ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہر بچہ اسکول میں نہ ہو، ہر عورت بااختیار نہ ہو، ہر شہری کو مساوی حقوق نہ ملیں اور آئین کی بالادستی قائم نہ ہو۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن ہماری ہر جدوجہد میں زندہ ہے، جو انصاف، وقار اور جمہوریت کی جدوجہد ہے۔
No comments yet.