جمعہ ،5 جون 2026 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب پرنٹ میڈیا گروپ نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ پر تقریب کا اہتمام کیا

پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب پرنٹ میڈیا گروپ نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ پر تقریب کا اہتمام کیا

Editor

11 ماہ قبل

 

 

 

 

 

 
 
 
لاہور میں پیپلز پارٹی پر نٹ میڈیا گروپ کے زیر اہتمام پیپلز سیکرٹیریٹ میں محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام پیپلز پارٹی پر نٹ میڈیا گروپ کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ضرار یوسف نے کیا۔ تقریب میں پارٹی کے متعدد سرکردہ رہنماؤں بشمول طارق خورشید، ڈاکٹر خالد جاوید جان، رانا شرافت، جبار ناصر، رضا اشفاق، خالد بھٹی، کامریڈ طاہر، بختیار احمد، عبدالعزیز، چودھری سجاد نذیر، عمار شاہ، راجہ ارشد، حمیرا لطیف، نبیل نصیر، عاطف کھوکھر اور شان زینب نے شرکت کی۔  
 
تقریب کے دوران ڈاکٹر خالد جاوید جان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جن کی موت ان کی زندگی سے بہتر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی وجہ سے سیاست ڈرائنگ رومز سے نکل کر گلیوں اور بازاروں میں پہنچی۔ انہوں نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک کے لیے ایٹم بم کی ضرورت کا اندازہ ہم نے گزشتہ ماہ کے واقعات سے لگا لیا ہے۔ انہوں نے چین کے ساتھ تعلقات کو جنوبی ایشیا میں پاکستان کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر چین ہمارے ساتھ نہ کھڑا ہوتا تو ہمیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔ انہوں نے امریکہ کے عالمی تسلط کے زوال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک گرتی ہوئی طاقت ہے۔  
 
ڈاکٹر ضرار یوسف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو آگے لے جانے کے لیے محنت کرنا ہوگی۔ رانا شرافت نے کہا کہ پارٹی کو موقع پرستوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا اور عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے پر توجہ دینی ہوگی، ورنہ کامیابی ممکن نہیں۔ رضا اشفاق نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی سیاسی جدوجہد کے سامنے وزارت عظمیٰ کچھ بھی نہیں۔ عمار شاہ نے کہا کہ پنجاب میں بیانئے کی عدم موجودگی کی وجہ سے پارٹی کمزور ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو صرف مخصوص نشستوں کی رہنما نہیں تھیں، بلکہ وہ مردوں اور خواتین دونوں کی رہنما تھیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پیپلز پارٹی کو بے نظیر بھٹو کے نظریات کو زندہ رکھنا ہوگا۔  
 
عمار شاہ نے کہا کہ پارٹی میں نوجوان نسل سے رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے جنریشن گیپ پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے جنوبی پنجاب کے نعرے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس نعرے نے مسلم لیگ (ن) کو آکسیجن فراہم کی۔ حمیرا لطیف نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو ورکرز کو اپنے ساتھ جوڑ کر رکھتی تھیں اور انہوں نے غریب عوام میں امید کی کرن روشن کی۔  
 
تقریب میں یہ بھی کہا گیا کہ آج پاکستان بینظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کی ایٹمی اور میزائیل ٹیکنالوجی کی بدولت دنیا میں سرخرو ہے۔ بینظیر بھٹو نے مقامی سطح، پارلیمنٹ اور بین الاقوامی فورمز پر خواتین کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی۔ تقریب کے آخر میں خالد بھٹی، جبار ناصر، نبیل نصیر اور شان زینب نے بھی خطاب کیا۔
Comments

No comments yet.

سب سے زیادہ پڑھا
Effy Jewelry
Effy Jewelry