مضبوط، خودمختار اور جامع پارلیمان امن، انصاف اور پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے: بلاول بھٹو زرداری
ارلیمان صرف اینٹ اور پتھروں سے بنی ایک عمارت نہیں، بلکہ یہ عوامی امنگوں کی نمائندہ، اُن کی امیدوں کی پناہ گاہ اور اُن کی آزادیوں کی محافظ ہے۔
کراچی / اسلام آباد / لاہور ( 30 جون 2025) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یوم پارلیمان کے موقع پر پاکستانی عوام کی جمہوری امنگوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور پارلیمان کو قوم کی سچی آواز قرار دیتے ہوئے اس کی بالادستی کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ پارلیمان صرف اینٹ اور پتھروں سے بنی ایک عمارت نہیں، بلکہ یہ عوامی امنگوں کی نمائندہ، اُن کی امیدوں کی پناہ گاہ اور اُن کی آزادیوں کی محافظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان میں گونجتی ہر منتخب آواز ہماری قوم کی جدوجہد اور قربانیوں کی عکاس ہے ، خاص طور پر جمہوریت کے وہ بے شمار شہداء، جن میں قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو سرفہرست ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک مضبوط، خودمختار اور جامع پارلیمان امن، انصاف اور پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دینی چاہیے کہ وہ مقننہ کے تقدس کو پامال کریں۔ پاکستان کی تاریخ نے ہمیں سکھایا ہے کہ جب بھی پارلیمان کو کمزور کیا گیا، تو عوام کو نقصان پہنچا ہے۔ جب بھی اسے خاموش کیا گیا، قوم نے اس کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کی تمام جمہوری قوتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پارلیمانی روایات کے دفاع اور پارلیمان کو قومی فیصلوں کے مرکز میں اس کا جائز مقام واپس دلانے کے لیے متحد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں بطور ایک نوجوان جمہوریت پسند، پارلیمان کو وہ جگہ سمجھتا ہوں جہاں ہر پاکستانی کے لیے مساوات، انصاف اور وقار کے خوابوں کو قانون کی شکل میں ڈھالا جا سکتا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس عظیم ورثے کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، جنہوں نے پارلیمانی جمہوریت کے لیے اپنی جانیں قربان کردیں۔ انہوں نے عالمی یوم پارلیمان کے موقع پر قوم کو اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پارلیمان صرف بحث و مباحثے کا ایوان نہیں بلکہ ہماری جمہوریت کا دھڑکتا ہوا دل ہے، جس کا تحفظ ہمارا مقدس فریضہ ہے۔
No comments yet.