صدر مملکت آصف علی زرداری اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی ایوانِ صدر میں ملاقات
پاکستان اور ایران کا دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے درمیان ایوانِ صدر اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی۔ صدر آصف علی زرداری نے ایرانی ہم منصب کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور باہمی فائدے کے حامل شعبوں میں تعلقات بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
دونوں صدور نے علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے تنازعات کو بڑھنے سے روکنے اور مربوط سفارتی کوششوں کی ضرورت ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات مشترکہ مذہب، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے ایران کے علاقائی معاملات پر اصولی مؤقف کو سراہا اور تہران کی مستقل حمایت اور مشکل وقتوں میں یکجہتی پر ایرانی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ صدر زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ایران خطے کے پُرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔
صدر آصف علی زرداری نے رہبرِ معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا جموں و کشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضے کے خلاف مسلسل حمایت پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے 12 روزہ جنگ کے دوران ایرانی قوم کی جرات اور اتحاد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدر زرداری نے امید ظاہر کی کہ صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔ ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بھی 12 روزہ جنگ کے دوران پاکستانی قیادت اور عوام کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نے کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے تعمیری کردار ادا کیا ہے۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس میں دونوں ممالک نے آئندہ بھی قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
No comments yet.