جمعہ ،5 جون 2026 لائیو دیکھیں
Effy Jewelry

این اے 129 ضمنی انتخاب: طاہرہ حبیب جالب کی لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس، صحافیوں اور سیاستدانوں سے حمایت کی اپیل

فیصل میر نے اس موقع پر کہا کہ یہ بڑے صحافیوں کے لیے ایک امتحان ہے کہ وہ طاہرہ جالب کی حمایت کرتے ہیں یا مصلحت پسندی میں خاموش رہتے ہیں۔

Editor

9 ماہ قبل

Voting Line

 

لاہور (نمائندہ خصوصی) – الیکشن کمیشن کی جانب سے کاغذاتِ نامزدگی منظور ہونے کے بعد طاہرہ حبیب جالب نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مزدور اور ٹیکسی ڈرائیور کی حیثیت سے پاکستان کے صحافیوں اور سیاستدانوں سے این اے 129 کے ضمنی انتخاب میں اپنی حمایت کی اپیل کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کو ٹکٹ کے لیے درخواست دے رکھی ہے اور فیصل میر کی بھرپور حوصلہ افزائی کے بعد انہوں نے ارب پتی سیاستدانوں کے خلاف پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔ طاہرہ جالب نے کہا کہ ’’میرے والد حبیب جالب اور وارث میر ہمیشہ یہ چاہتے تھے کہ ایوانوں میں غریب اور محنت کش طبقے کی بھی نمائندگی ہو۔‘‘

طاہرہ جالب نے کہا کہ آج ان کے ساتھ حبیب جالب کے چار قریبی ساتھیوں کی اگلی نسل کھڑی ہے، جن میں فرخندہ بخاری کی بیٹی بیرسٹر مقسومہ بخاری، رانا شوکت کی بیٹی ڈاکٹر عائشہ شوکت، زوار کامریڈ کے بیٹے سبط حسن اور وارث میر کے بیٹے فیصل میر شامل ہیں۔

انہوں نے کہا، ’’میں خود بھی حبیب جالب کی طرح آج تک مزدوری کر کے زندگی گزار رہی ہوں۔ بااثر صحافیوں کی خاموشی کا مطلب یہ ہو گا کہ وہ بالواسطہ طور پر سیاسی اشرافیہ کی حمایت کر رہے ہیں۔‘‘

طاہرہ جالب نے مزید کہا کہ وہ این اے 129 کی نشست جیت کر یہ پیغام دینا چاہتی ہیں کہ ایک ٹیکسی ڈرائیور کی بھی اتنی ہی عزت اور حیثیت ہے جتنی کسی سرمایہ دار کی۔ انہوں نے ملک بھر کے بااثر صحافیوں اور سیاستدانوں سے اپیل کی کہ وہ ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جا کر کھل کر ان کی حمایت کریں۔

فیصل میر نے اس موقع پر کہا کہ یہ بڑے صحافیوں کے لیے ایک امتحان ہے کہ وہ طاہرہ جالب کی حمایت کرتے ہیں یا مصلحت پسندی میں خاموش رہتے ہیں۔ ’’صحافیوں اور سیاستدانوں کی طرف سے خاموشی کا مطلب ارب پتی سیاستدانوں کی حمایت ہو گا،‘‘ فیصل میر نے کہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کے پرانے اور نظریاتی خاندان طاہرہ جالب کی انتخابی مہم میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

Comments

No comments yet.

سب سے زیادہ پڑھا
Effy Jewelry
Effy Jewelry