سیاسی پوائنٹ سکورنگ چھوڑ کر سیلاب زدگان کی مدد کریں، زرعی ایمرجنس نافذ کرنے کا مطالبہ,آفت زدہ علاقوں کو ٹیکس معافی کا مطالبہ: سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف
سیاست سے بالا تر ہو کر سیلاب زدگان کی مدد کریں، راجہ پرویز اشرف
چنیوٹ: سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے بڑا وقت پڑا ہے۔اسوقت سب ملکر متاثرین کی مدد کریں،سیلاب زدگان اور کاشتکاروں کو پاؤں پر کھڑا کرنا پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔ہر قسم کی سیاست سے بالا تر ہو کر سیلاب زدگان کی بحالی کا کام کرنا اورزرعی پالیسی کو نئے سرے سے مرتب کرنا پڑیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل سیکرٹری حسن مرتضی، سینئر نائب صدر رانا فاروق سعید، سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ،ڈویژنل صدر سید عنایت علیشاہ،رائے شاہ جہاں بھٹی کیساتھ موضع بابو رائے، ہرسا بلہ ،کالونی جنڈ والا,اڈہ پٹھانکوٹ،مو ضع ساہمل اور مو ضع بلڑھکا میں متاثرہ خاندانوں میں 500 راشن بیگز اور خیمے تقسیم کرنے سے قبل
میڈیا سے گفتگو اور مو ضع ساہمل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر احسن رضوی،ارشد جٹ،نعیم دستگیر,افتخار شہزادہ،عظمی اوشو ناصر،فرزند راجہ ،فیاض بھٹی،حسن اشرف بھٹی،راو بابر جمیل،سید علی رضا زیدی،کلیم علی امیر ،اظہر خان کے علاؤہ متاثرین سیلاب کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سیلاب سے سب سے زیادہ زراعت سے منسلک طبقہ متاثر ہوا ہے،دریائی کٹاؤ نے کئی ایکڑ زمینیں نگل لی ہیں،مشکل کا مقابلہ ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا چیئرمین بلاول بھٹو کے مطالبے پر زرعی اور موسمیاتی ایمرجنسی نافذ کرنیکا اعلان خوش آئند ہے۔سابق وزیراعظم نے بتایا کہ
موضع ساہمل میں 25مربع زمین سیلاب برد ہو چکی ہے،پیپلز پارٹی سیلاب زدگان کی آواز اسمبلیوں اور ایوانوں میں پہنچائے گی۔راجہ پرویز اشرف نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیکر تمام یوٹیلٹی بل اور ٹیکسز مکمل بحالی تک معاف کیے جائیں اور کاشتکاروں کو تباہ ہونیوالی فصلوں کا معاوضہ،مفت کھاد بیج دئیے جائیں،جس قدر جلد ممکن ہو تباہ حال کاشتکاروں کو انکے پاؤں پر کھڑا کیا جائے ۔راجہ پرویز اشرف نے زور دیکر کہا کہ عالمی اداروں کو امداد کی کال اورحکومت اور فلاحی تنظیموں کو دلجمعی سے کام کرنا ہو گا،مکئی ۔گنے چاول کی فصلیں تباہ ہوچکی ہیں۔حکومت فوری نوٹس لے اوردریا کاکٹاؤ کو روکنے کیلئے ہنگامی ایمرجنسی نافذ کی جائے۔بلاول بھٹو اور آصف زرداری کا پیغام ہے کہ ہم سے جو بن پڑا متاثرین کیلئے کرینگے،ہم چاہتے ہیں کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیٹا کے ذریعے متاثرین کی نقد مدد کی جائے۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی نے کہا کہ پیپلز پارٹی متاثرین کیلئے امداد لیکر آئی ہے،ہم اتحادیوں کو ہمیشہ تعمیری مشورہ دیتے ہیں مگر دوسری جماعت والے ہمیں چھوڑ کر جانیوالے ہوشیار رہیں۔انہوں نے صوبائی وزیر اطلاعات کا نام لیے بغیر کہا کہ سیاسی وابستگیاں تبدیل کرنیوالے حکمرانوں کو غلط مشورے دیتے ہیں،مریم نواز ایسے لوگوں سے بچیں اور محتاط رہیں۔حسن مرتضی کا کہنا تھا کہ موضع ساہمل کی کالونی صفحہ ہستی سے مٹ چکی ہے،دریا کا کٹاؤ نہ روکا گیا تو یہ مذید بستیاں تباہ کر دیگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت یہاں سے متاثرین کی نقل مکانی کرانے کی بجائے انکی مدد کرے،حسن مرتضی نے مذید کہا کہ اس لیے متاثرین کی بی آئی ایس پی ڈیٹا سے مدد کا مطالبہ کر رھے ہیں،پیپلز پارٹی نے کبھی موقع ساہمل کے باسیوں کو اکیلا نہیں چھوڑا۔بے گھر ہونیوالوں کو رھنے کیلئے زمینیں دینے کو تیار ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ،آج بھی امدادی کاموں میں سیاسی اثر و رسوخ استعمال ہو رھا ہے۔
No comments yet.