وائس چیئرپرسن پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی جہاں آراء منظور وٹو کی وزیر صحت و پاپولیشن ویلفیئر سندھ، ڈاکٹر عذرا پیچوہو سے ملاقات، بین الصوبائی تعاون پر تبادلہ خیال
سندھ، پنجاب، صحت
وائس چیئرپرسن پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی جہاں آراء منظور وٹو نے اپنے دورہ سندھ کے دوران سندھ کی وزیر صحت و پاپولیشن ویلفیئر، ڈاکٹر عذرا پیچوہو سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں پی ایس پی اَے کے پنجاب ہیومن کیپیٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے تحت چلنے والے "آغوش پروگرام" جس کا مقصد غریب اور مستحق خاندانوں میں ماؤں اور نوزائیدہ بچوں کی صحت کو بہتر بنانا ہے اور تیزاب گردی کےشکارافرادکےلئے"نئی زندگی پروگرام" پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر صحت و پاپولیشن ویلفیئر سندھ کو یہ بھی بتایا گیا کہ نئی زندگی پروگرام کے تحت پنجاب کے سات جدید ترین برن سینٹرز میں تیزاب گردی کے متاثرین کو مفت علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ جہاں آراء وٹو نے ڈاکٹر عذرا کو پیشکش کی کہ سندھ سے تیزاب گردی کے متاثرین کو جنوبی پنجاب کے برن سینٹرز میں مکمل مفت علاج فراہم کیا جا سکتا ہے۔ وزیر صحت و پاپولیشن ویلفیئر سندھ نے پنجاب حکومت کی تیزاب گردی کے شکار افراد کے لئے کاوشوں کو سراہا ۔ جہاں آراء منظور وٹو نے وزیر صحت سندھ کو دعوت دی کہ وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ پنجاب کے جدید ترین برن سینٹرزاور ان میں مہیا سہولیات جاننے کے لئے دورہ کریں جس پہ وزیر صحت سندھ نے ان کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی ہیلتھ ٹیم، پنجاب کے برن سینٹرز کا دورہ بھی کرے گی اور ماہر پلاسٹک سرجنز سے خصوصی ملاقات بھی کرے گی تاکہ پنجاب کےبرن سینٹرز کی طرز پر سندھ کے ہسپتالوں میں بھی برن سینٹر بنائے جا سکیں ۔ یہ ملاقات دونوں صوبوں کے درمیان صحت کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔