پی ایس پی اے کی وائس چیئرپرسن، جہاں آراء منظور وٹو کی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان سے ان کے چیمبر میں خصوصی ملاقات
پنجاب اسمبلی، پی ایس پی اے
لاہور-پی ایس پی اے کی وائس چیئرپرسن، جہاں آراء منظور وٹو نے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان سے ان کے چیمبر میں خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر پارلیمانی لیڈر پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سید علی حیدر گیلانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات کے دوران اسپیکر پنجاب اسمبلی کو صوبے بھر میں جاری سماجی تحفظ کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور پی ایس پی اے کے تحت مستحق طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے پی ایس پی اے کے عوامی فلاحی پروگراموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے صوبے کے غریب اور پسے ہوئے طبقات کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سماجی تحفظ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا بنیادی جزو ہے، اور حکومت اس حوالے سے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ان پروگراموں کی مؤثر عملداری کے لیے بھرپور تعاون کرے گی۔ وائس چیئرپرسن، پی ایس پی اے، جہاں آراء منظور وٹو نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایوان کو بہترین طریقے سے چلانے، جمہوری اقدار کی پاسداری کرنے اور تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے میں ایک مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں، جو جمہوریت کے استحکام کے لیے نہایت ضروری ہے۔ اس موقع پر وائس چیئرپرسن نے پارلیمانی لیڈر پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب سید علی حیدر گیلانی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں رہے ہیں اور ان کی قیادت میں پیپلز پارٹی سماجی تحفظ کے اقدامات کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سید علی حیدر گیلانی بطورِ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اپنی زمہ داری نہایت احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں. مزید برآں، وائس چیئرپرسن، پی ایس پی اے، جہاں آراء منظور وٹو نے ادارے کے انتظامی امور کی مؤثر نگرانی اور فلاحی منصوبوں کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے بورڈ ممبران کی نامزدگی کے حوالے سے اسپیکر پنجاب اسمبلی سے درخواست بھی کی۔ وائس چیئرپرسن نے اس امر پر زور دیا کہ گورننس اور شفافیت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے کہ پی ایس پی اے کے بورڈ کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ سماجی تحفظ کے منصوبوں کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اس حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے تاکہ عوامی فلاحی منصوبے بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہ سکیں۔