پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کیجانب سے یومِ مزدور کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کا شکاگو کے شہداء اور پاکستان کے محنت کشوں کو خراجِ عقیدت
یکم مئی صرف ایک دن نہیں بلکہ یہ محنت کش طبقے کی صدیوں پر محیط جدوجہد، قربانی اور عزم کا استعارہ ہے۔
لاہور (مورخہ: یکم مئی 2025)
*پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے چیف کوارڈینیٹر و فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادرشاہین اور میڈیا کوارڈینیٹر جنوبی پنجاب محمد سلیم مغل نے یومِ مزدور کے موقع پر شکاگو کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اسکی قیادت چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی سرپرستی میں ملک بھر کے محنت کشوں، مزدوروں، کسانوں اور ہنر مندوں کے حقوق کے تحفظ، فلاح و بہبود اور معاشی خودمختاری کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔*
انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ یکم مئی صرف ایک دن نہیں بلکہ یہ محنت کش طبقے کی صدیوں پر محیط جدوجہد، قربانی اور عزم کا استعارہ ہے۔ شکاگو کے شہداء نے 1886ء میں اپنے خون سے جو چراغ روشن کیا، وہ آج بھی دنیا بھر کے مزدوروں کو روشنی اور ہمت فراہم کرتا ہے۔ پاکستان میں اسی روشنی کو سب سے پہلے جس سیاسی جماعت نے سمت اور زبان دی، وہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چئیرمین و سابق وزیراعظم پاکستان شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پہلی بار مزدور طبقے کو ریاستی سطح پر وہ عزت، پہچان اور حقوق دلوائے جس کے وہ مستحق تھے۔ چاہے وہ کم از کم اجرت کا تعین ہو، سوشل سیکیورٹی اور EOBI جیسے ادارے ہوں یا محنت کشوں کو اداروں میں شراکت داری دینا ہو – پیپلز پارٹی نے ہر محاذ پر مزدور کا ساتھ دیا۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے اس مشن کو جاری رکھا اور سماجی تحفظ کے اقدامات میں قابلِ ذکر وسعت پیدا کی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کو اعزاز رہا جنہوں نے اپنے سابقہ دور حکومت میں سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں و پنشن سمیت بنیادی اسکیلوں میں ترقی دیکر محنت کش طبقہ کے ساتھ پیپلز پارٹی کے منشور اور غریب دوست ہونے کا ثبوت دیا،
پارٹی رہنماوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج کے نوجوان، محنت کش اور کم آمدنی والے طبقے کی سب سے توانا آواز ہیں۔ ان کی قیادت میں پیپلز پارٹی نے مزدور کارڈ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، اور روزگار اسکیموں جیسے اقدامات کے ذریعے ثابت کیا ہے کہ پیپلز پارٹی صرف وعدے نہیں، عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں جب مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی استحصال نے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو مزدور طبقے کو معاشی انصاف، تحفظ اور خوشحالی کی ضمانت دے سکتی ہے۔
یومِ مزدور پر پاکستان پیپلز پارٹی محنت کشوں کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتی ہے اور ان کے حقوق کی جدوجہد کو اپنا فرضِ اولین سمجھتی ہے۔
No comments yet.