چینی سفیر چیانگ زئے ڈونگ کی ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارتی حکومت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیانات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ان اقدامات سے خطے میں امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہے۔
اسلام آباد (اے پی پی) —
پاکستان میں چین کے سفیر چیانگ زئے ڈونگ نےایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ اہمیت کے حامل امور پر تبادلۂ خیال کیا، خاص طور پر پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا شدہ تناؤ اور موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھارتی حکومت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیانات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ان اقدامات سے خطے میں امن و استحکام کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ خطّے کے ممالک کو مل جل کر کشیدگی کم کرنے اور اعتماد سازی کے اقدامات کرنے چاہئیں۔
چینی سفیر چیانگ زئے ڈونگ نے اس موقع پر چین اور پاکستان کے درمیان پائیدار اور آزمودہ دوستی کا اعادہ کیا اور کہا کہ دونوں ممالک “آہنی برادر” ہیں، جنہوں نے مشکل وقت میں ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے مؤقف کو بیجنگ تک پہنچانے اور عالمی فورمز پر پیش کرنے میں صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔
چیانگ زئے ڈونگ نے یقین دلایا کہ چین نہ صرف خطّے میں امن و استحکام کی مشترکہ خواہش کے حصول کے لیے بلکہ دہشتگردی اور شدت پسندی کے خلاف جاری جنگ میں بھی پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس ملاقات میں چینی حکومت کی مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے اور مسلسل تعاون و حمایت کو سراہا اور چین کے دوستانہ رویے کو باہمی اعتماد کے فروغ کا اہم سنگِ میل قرار دیا۔
No comments yet.