امن کی خواہش کو ہماری کمزوری سمجھنا بھارت کی بھول ہے: غزالہ گولہ
انہوں نے عوام اور فوج کے درمیان یکجہتی کو ملک کی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا ہر فرد وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے۔
کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر محترمہ غزالہ گولہ نے بھارت کے حالیہ میزائل حملوں کو "اشتعال انگیزی کی بدترین مثال" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ "امن کی خواہش کو ہماری کمزوری سمجھنا بھارت کی بھول ہے"، اور واضح کیا کہ بلوچستان کے باشعور عوام دفاعِ وطن میں افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
محترمہ غزالہ گولہ نے اسمبلی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا جارحانہ رویہ نہ صرف خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہا ہے بلکہ یہ عالمی امن کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے عزائم پر خاموشی توڑے اور اس کی انتہا پسندانہ کارروائیوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
ڈپٹی اسپیکر نے مزید کہا کہ "ہم اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کے تحفظ کے لیے ہمیشہ تیار رہیں گے۔ پاک فوج نے تاریخ میں ہمیشہ دشمن کو اس کی زبان میں جواب دیا ہے، اور آئندہ بھی ایسا ہی ہوگا۔" انہوں نے عوام اور فوج کے درمیان یکجہتی کو ملک کی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا ہر فرد وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کرنے کو تیار ہے۔
ان کے بیان میں یہ بات بھی شامل تھی کہ بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزیاں اور جھوٹے پراپیگنڈے علاقائی تنازعات کو بڑھاوا دے رہے ہیں، جس کے نتیجے میں جنوبی ایشیا کی استحکام کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ محترمہ غزالہ گولہ نے اختتام پر کہا کہ "پاکستان امن کا داعی ہے، لیکن ہمارے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ہر جارحیت کا جواب ہماری فوج کی جانب سے دندان شکن انداز میں دیا جائے گا۔"
اس موقع پر بلوچستان اسمبلی کے اراکین نے بھی ڈپٹی اسپیکر کے موقف کی تائید کرتے ہوئے وطن کی دفاعی صلاحیتوں پر فخر کا اظہار کیا۔
No comments yet.